ربیعہ احسن قتل کیس میں نیا موڑ، اہلِ خانہ نے ملزم شوہر کو معاف کر دیا

راولپنڈی کی عدالت میں مقتولہ کے اہلِ خانہ کا بیان اور حلف نامہ جمع، خاندان نے مؤقف اختیار کیا کہ ربیعہ احسن کی موت قتل نہیں بلکہ حادثہ تھی اور وہ مقدمے کی مزید پیروی نہیں کرنا چاہتے۔

راولپنڈی: سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقتولہ کے اہلِ خانہ نے مرکزی ملزم اور ان کے شوہر احسن طاہر کو معاف کرتے ہوئے مقدمے کی مزید پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران مقتولہ کے اہلِ خانہ پیش ہوئے اور ملزم احسن طاہر کے حق میں اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ مقدمے کے مدعی خرم احمد کی جانب سے ان کی وکیل عدالت میں پیش ہوئیں، جبکہ مدعی پارٹی کی جانب سے باضابطہ حلف نامہ بھی جمع کرایا گیا۔

حلف نامے میں اہلِ خانہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے اپنی تسلی کے لیے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا ہے اور ان کے مطابق احسن طاہر نے اپنی اہلیہ اور ان کی بہن ربیعہ احسن کو جان بوجھ کر قتل نہیں کیا۔

حلف نامے کے مطابق خاندان کا کہنا ہے کہ ربیعہ احسن کی موت ایک حادثے کے نتیجے میں ہوئی، اس لیے وہ مقدمے کی مزید پیروی نہیں کرنا چاہتے۔ اہلِ خانہ نے ملزم کو معاف کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل مقتولہ کے بھائی نے بھی مقدمہ واپس لینے اور واقعے کو ناگہانی حادثہ قرار دینے کا اعلان کیا تھا۔ اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر مقدمہ انہوں نے درج کروایا تھا، تاہم اب وہ اپنی درج کردہ شکایت واپس لے رہے ہیں۔

مقتولہ کے بھائی کے مطابق احسن طاہر نے قتل کی نیت سے فائرنگ نہیں کی تھی اور میاں بیوی کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی، جھگڑا یا رنجش بھی موجود نہیں تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ واقعے کے وقت گھر میں ان کی بہن، والدہ، دو بھانجیاں اور ایک ملازم موجود تھے۔

اہلِ خانہ کے اس تازہ مؤقف کے بعد ربیعہ احسن کیس میں قانونی پیش رفت اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ تاہم مقدمے کے حتمی قانونی انجام اور ملزم کے بارے میں عدالتی فیصلے کا انحصار عدالت کی کارروائی اور متعلقہ قانونی تقاضوں پر ہوگا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also

نصف صدی بعد بھی ’راکی‘ کا جادو برقرار

ہالی ووڈ(میڈیا رپورٹس) کی مشہور فلم ’راکی‘ کو ریلیز ہوئے 50 سال مکمل ہو گئے ہیں اور اس کا …