ہماچل پردیش(میڈیا رپورٹس)’جب مجھے اپنی چھت پر غبارے اور اُن کے ساتھ لٹکا بینر نظر آیا، تو مجھے حیرانی بھی ہوئی اور پریشانی بھی۔ بینر پر موجود تحریر پڑھ کر جب یہ اندازہ ہوا کہ یہ غبارے پاکستان کے ایک ویمن کالج سے آئے ہیں، تو مجھے وہاں کے لوگوں سے بہت اپنائیت محسوس ہوئی۔‘
یہ کہنا ہے انڈیا کی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع سولن کے رہائشی جے پرکاش کا، جن کی چھت سے 21 نومبر کی رات کو سفید اور نیلے غبارے لٹکتے ہوئے نظر آئے، جس کے ساتھ موجود بینر پر لکھا تھا ’گورنمنٹ گریجوئیٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ لاہور، سالانہ سپورٹس ڈے 2026۔‘
جے پرکاش کے مطابق جب اُنھوں نے پہلی بار اپنی چھت پر یہ منظر دیکھا کہ تو انھیں لگا کہ شاید کسی نے انھیں شرارت یا تنگ کرنے کی کوشش کی ہے، اور پھر انھوں نے اس کی اطلاع مقامی پولیس کو دی۔
جے پرکاش ضلع سولن کے گاؤں دھدوگی میں رہتے ہیں۔ انڈین پولیس کے مطابق یہ واقعہ رپورٹ ہونے کے بعد انھوں نے اس مقام کا جائزہ لیا جہاں سے یہ سب ملا تھا، غبارے اور بینر اپنی تحویل میں لیے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ضلع سولن کے ایڈیشنل سپرینٹنڈنٹ آف پولیس نے مقا می میڈیا سے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ’اُن غباروں میں اُنھیں کچھ نہیں ملا۔ بظاہر یہ ہوا سے اڑ کر ہی یہاں تک پہنچے ہیں۔ یہاں کی سبھی متعلقہ ایجنسیوں اور انٹیلیجنس بیوروز نے جانچ پڑتال کی لیکن اُن میں کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’اس سے پہلے بھی اسی طرح کے غبارے کئی بار یہاں اڑ کر آئے ہیں، لیکن ان میں کچھ نہیں نکلا تھا۔‘
اگر لاہور سے ہماچل پردیش کے ضلع سولن کا ایک سیدھی لکیر میں راستہ دیکھا جائے تو یہ کم از کم 272 کلومیٹر بنتا ہے، چنانچہ کہا جا سکتا ہے کہ ان غباروں نے 272 کلومیٹر کا یہ سفر 42 گھنٹوں میں طے کیا اور انڈین شہری کے گھر کی چھت پر اُترے۔
لاہور کالج کی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی پوسٹ پر سرحد پار سے آئے جے پرکاش کے اس پیغام کو دیکھ کر کالج کی اساتذہ اور طالبات نے گرمجوشی سے جوابات دینا شروع کر دیے۔
کالج انتظامیہ کی جانب سے جے پرکاش کے پیغام کے جواب میں کہا گیا کہ ’ہمیں امید ہے یہ امن، محبت، دوستی اور سپورٹس مین شپ لائے ہوں گے۔ ہم سب حیران ہیں کہ یہ سب بالکل ٹھیک اور اسی طرح پھولے ہوئے تھے جیسے ہم نے بھیجے تھے۔‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also

ناروے کی ایئرلائن کی معطلی

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (میڈیا رپورٹس) نے جمعرات کو اچانک اعلان کیا کہ اس کی لندن سے ا…