
-
جیو نیوز کے اینکر وجیہ ثانی سے گن پوائنٹ پر موبائل فون چھین لیا گیا، واردات کی تفصیلات سامنے آگئیں
-
نیوپلیکس سینما کے قریب ٹریفک میں رکے ہوئے تھے کہ مسلح ملزمان نے واردات کر ڈالی، موبائل کی لوکیشن قائد آباد مارکیٹ میں ٹریس ہوئی، اینکر پرسن کا انکشاف
-
کراچی: جیو نیوز کے معروف اینکر پرسن وجیہ ثانی بھی شہر میں اسٹریٹ کرائم کا نشانہ بن گئے، جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر موبائل فون چھین لیا اور فرار ہوگئے۔
-
وجیہ ثانی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر واقعے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ہفتے کی شام وہ دفتر سے گھر واپس جا رہے تھے اور نیوپلیکس سینما کے قریب یوٹرن پر ٹریفک میں رکے ہوئے تھے کہ اچانک نامعلوم افراد ان کی گاڑی کے قریب پہنچے۔
-
ان کے مطابق ملزمان نے پہلے گاڑی کے شیشے پر دستک دی اور پھر اسلحے کے زور پر ان کا موبائل فون چھین کر موقع سے فرار ہوگئے۔
-
وجیہ ثانی نے بتایا کہ واردات کا مقام ایک سیکیورٹی ایریا کے سامنے واقع سڑک ہے، جہاں ٹریفک کی نگرانی کے لیے کیمرے بھی نصب ہیں۔ اس کے باوجود واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
-
اینکر پرسن کے مطابق موبائل فون کی ٹریکنگ کے ذریعے اس کی لوکیشن قائد آباد برج کے سامنے واقع موبائل مارکیٹ میں سامنے آئی، تاہم نہ تو سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل ہوسکی، نہ ملزمان گرفتار ہوئے اور نہ ہی موبائل فون واپس مل سکا۔
-
انہوں نے مزید بتایا کہ موبائل فون سے محرومی کے باعث انہیں اپنے تمام روابط اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس دوبارہ بحال کرنے میں دو سے تین دن لگ گئے، جس کے دوران انہیں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
-
وجیہ ثانی نے واقعے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ اللہ نے انہیں محفوظ رکھا اور کسی جسمانی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
-
واقعے کے بعد کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی صورتحال اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں، خصوصاً ایسے علاقوں میں جہاں نگرانی کے لیے کیمرے نصب ہونے کے باوجود وارداتوں کی روک تھام اور ملزمان کی گرفتاری ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔
سیالکوٹ: ٹک ٹاکر مسٹر پتلو گرفتار، مہندی کی تقریب میں بھگدڑ سے 2 افراد جاں بحق ہوئے تھے
سیالکوٹ: ٹک ٹاکر مسٹر پتلو گرفتار، مہندی کی تقریب میں بھگدڑ سے 2 افراد جاں بحق ہوئے تھے فر…
