
ڈی ایچ اے والی میڈ نے سسٹرولوجی کو پیچھے چھوڑ دیا، اقرا کنول بہترین یوٹیوبر کا ایوارڈ ہار گئیں
کراچی: پاکستان کی ڈیجیٹل انڈسٹری میں ایک دلچسپ مقابلے نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی، جہاں ڈی ایچ اے والی میڈ نے معروف یوٹیوبر اقرا کنول المعروف سسٹرولوجی کو شکست دے کر بہترین خاتون یوٹیوب کریئیٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کے پہلے Pakistan Influencer Awards 2026 کی تقریب 7 نومبر کو کراچی کے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوئی، جس میں یوٹیوب، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام سے وابستہ معروف شخصیات نے شرکت کی۔
یہ ایوارڈز ARY Digital Network کی میڈیا شراکت داری اور مختلف برانڈز کے تعاون سے منعقد کیے گئے، جبکہ English Biscuit Manufacturers (EBM) اس تقریب کے ٹائٹل پارٹنر تھے۔
تقریب میں حسن شہریار یاسین، رباب ہاشم، ڈینو علی اور فائزہ سلیم نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔
اس تقریب میں اقرا کنول، جو سسٹرولوجی کے نام سے مشہور ہیں، بہترین خاتون یوٹیوبر کی کیٹیگری میں نامزد تھیں، تاہم یہ ایوارڈ ڈی ایچ اے والی میڈ نے حاصل کرلیا۔
ڈی ایچ اے والی میڈ گھریلو معمولات، کھانا پکانے اور روزمرہ زندگی سے متعلق ویڈیوز بناتی ہیں۔ انہوں نے مختصر عرصے میں یوٹیوب پر نمایاں مقبولیت حاصل کی اور اب ان کے سبسکرائبرز کی تعداد تقریباً 13 لاکھ بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب اقرا کنول نے ایوارڈ نہ ملنے پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سات ملین لوگوں کی کمیونٹی بنانا اور روزانہ 30 منٹ کی ویڈیو تیار کرنا آسان کام نہیں۔
اقرا کے شوہر عریب پرویز نے بھی ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں اقرا اس ایوارڈ کی زیادہ حقدار تھیں۔ انہوں نے شارٹ فارم اور لانگ فارم ویڈیوز بنانے والے کریئیٹرز کو ایک ہی کیٹیگری میں مقابلہ کروانے کے طریقہ کار پر بھی سوال اٹھایا۔
پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز میں عروب جتوئی نے انسٹاگرام، کنول آفتاب نے ٹک ٹاک جبکہ ڈکی بھائی اور عروب جتوئی نے بہترین کپل کریئیٹر کا ایوارڈ حاصل کیا۔
ایوارڈز کے نتائج سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آرہی ہیں۔ کچھ صارفین اقرا کنول کو زیادہ مستحق قرار دے رہے ہیں جبکہ دیگر ڈی ایچ اے والی میڈ کی کامیابی کو نئے کریئیٹرز کے لیے حوصلہ افزا قرار دے رہے ہیں۔
یوں پاکستان کے پہلے انفلوئنسر ایوارڈز کی تقریب میں ڈی ایچ اے والی میڈ کی کامیابی اور اقرا کنول کی شکست سب سے زیادہ زیرِ بحث موضوع بن گئی۔
شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل سے پی آئی سی منتقل کر دیا گیا
شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل سے پی آئی سی منتقل کر دیا گیا طبیعت ناساز ہونے کے بعد ساب…
