پیر(میڈیا رپورٹس)کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اس ویڈیو پر مریم نواز نے لکھا: ’اگر کوئی کسی غریب یا کمزور پر ہاتھ اٹھاتا ہے تو اب جواب کے لیے بھی تیار رہے۔‘اس واقعے کے پس منظر کی وضاحت کے لیے مریم نواز نے فیصل آباد پولیس کا ایک بیان بھی شیئر کیا۔
فیصل آباد پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو ’دکان کے اندر ایک سیلز گرل پر تشدد کرتے ہوئے دکھایا گیا۔‘
بیان کے مطابق جب اس واقعے کی تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ مذکورہ خاتون ایسی دکان پر کام کرتی ہیں جہاں خواتین کے زیر جامے فروخت کیے جاتے ہیں۔ وہ اس وقت ڈیوٹی پر موجود تھیں جب دکان کے مالک کرایہ وصول کرنے کے لیے آئے۔
فیصل آباد پولیس کے بیان میں درج ہے کہ: ’سیلز گرل نے اسے یہ کہتے ہوئے دکان سے جانے کا کہا کہ یہ خواتین کے زیر جامہ کی دکان ہے اور کرائے کے سلسلے میں کاروباری مالک محمد رمضان سے رابطہ کیا جائے۔‘
الزام کے مطابق دکان مالک ’غصے میں آ گئے اور سیلز گرل پر تشدد کیا۔‘
منگل کو فیصل آباد کے تھانہ مدینہ ٹاؤن نے اس واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کیا ہے جس میں ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بعد ازاں جہلم میں ایک تقریر کے دوران مریم نواز نے کہا کہ ’میں نے مالدار (دکان کے مالک) کو تھانے بُلا کر بچی کو کہا کہ اس آدمی کے منھ پر دو، تین زناٹے دار تھپڑ مارو۔‘
انھوں نے اس کے دفاع میں کہا کہ ’پہلی بار پنجاب کی وزیر اعلی مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔‘
تھپڑ کے بدلے تھپڑ کی سزا پر ہونے والی تنقید پر مریم نواز نے کہا کہ ’اس پر جعلی دانشوروں کو بڑی تکلیف ہے۔ میں انھیں کہنا چاہتی ہوں کہ اگر یہ آپ کی ماں، بہن، بیٹی کے ساتھ ہوا ہوتا تو آپ کے کیا تاثرات ہوتے؟‘
مریم نواز نے فیصل آباد پولیس کا جو بیان پوسٹ کیا، اس میں دو تصاویر بھی ہیں جن میں سے ایک میں ملزم کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور دوسری میں وہ سلاخوں کے پیچھے کھڑے ہیں۔
فیصل آباد پولیس نے اپنی پوسٹ میں دکان میں پیش آنے والے تشدد کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج شیئر کی گئی ہے اور ساتھ لکھا ہے کہ سینٹرل پولیس آفیسر کے نوٹس پر پولیس نے خاتون پر تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also

شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل سے پی آئی سی منتقل کر دیا گیا

شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل سے پی آئی سی منتقل کر دیا گیا طبیعت ناساز ہونے کے بعد ساب…