وینا ملک وزن پر تنقید کرنے والوں پر برہم، ’مجھے موٹا کہنا بند کریں‘ اداکارہ کا دوٹوک جواب

لوگوں نے زندگی مشکل بنا دی، وزن بڑھنے کی وجہ بھی بتا دی، اب اسے کم کرنے کا وقت آگیا ہے، وینا ملک کی وائرل ویڈیو میں گفتگو

پاکستانی اداکارہ اور ماڈل وینا ملک نے اپنے بڑھتے ہوئے وزن پر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو کسی کے جسمانی خدوخال اور وزن کی بنیاد پر مذاق اڑانے سے گریز کرنا چاہیے۔

سوشل میڈیا پر وینا ملک کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں اپنے وزن اور ظاہری شکل پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کھل کر اظہارِ خیال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں وینا ملک کا کہنا ہے کہ لوگ انہیں موٹا اور بھینس جیسے الفاظ سے پکار رہے ہیں، جس سے انہیں شدید دکھ پہنچا ہے۔ ان کے مطابق انہیں اب اندازہ ہوا ہے کہ جب کسی شخص کا وزن بڑھ جاتا ہے تو اسے کس طرح کے طنز اور تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ گھر میں ہوں تو لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ شاید انہوں نے ہی سارا کھانا کھا لیا ہے، جبکہ گھر سے باہر نکلنے یا شوٹنگ کے لیے جانے پر بھی انہیں اپنے وزن اور چہرے کے حوالے سے تبصروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

وینا ملک نے اعتراف کیا کہ ان کا وزن پہلے کی نسبت بڑھ گیا ہے اور اب انہیں اسے کم کرنے پر توجہ دینی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں بعض ایسے حالات پیش آئے جن کے دوران انہوں نے زیادہ کھانا کھایا، تاہم اب وہ اپنا وزن کم کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

اداکارہ نے تنقید کرنے والوں سے اپیل کی کہ انہیں موٹا کہنا بند کیا جائے کیونکہ وزن کا بڑھنا اور کم ہونا زندگی کا معمول کا حصہ ہے۔

وینا ملک کا مزید کہنا تھا کہ ہر انسان کی جسمانی ساخت اور حالات مختلف ہوتے ہیں، اس لیے کسی کو اس کے وزن یا ظاہری شکل کی بنیاد پر تضحیک کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also

شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل سے پی آئی سی منتقل کر دیا گیا

شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل سے پی آئی سی منتقل کر دیا گیا طبیعت ناساز ہونے کے بعد ساب…