
ڈیوڈ وارنر کا کرکٹ آسٹریلیا پر پردہ پوشی کا الزام، سینڈ پیپر اسکینڈل کی تحقیقات پھر متنازع
سابق آسٹریلوی اوپنر نے دعویٰ کیا ہے کہ 2018 کے اسکینڈل کی ابتدائی تحقیقات میں تین اہم فاسٹ بولرز کے انٹرویوز نہیں کیے گئے، کرکٹ آسٹریلیا نے الزامات پر وضاحت پیش کر دی۔
آسٹریلیا کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 2018 کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل کی تحقیقات پر کرکٹ آسٹریلیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مبینہ پردہ پوشی کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کے تازہ بیان کے بعد آسٹریلوی کرکٹ میں کئی برس پرانا تنازع ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔
وارنر نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا کہ اسکینڈل کی ابتدائی تحقیقات کے دوران آسٹریلیا کے فاسٹ بولرز جوش ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک اور نیتھن لائن کے انٹرویوز نہیں کیے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر واقعی ان کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ نہیں ہوئی تو پھر یہ مؤقف کیسے اختیار کیا جا سکتا ہے کہ ٹیم کے بولرز کو گیند سے چھیڑ چھاڑ کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا؟
سابق اوپنر کے مطابق ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تحقیقات کے ابتدائی مرحلے ہی میں چند کھلاڑیوں کو ذمہ دار قرار دینے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا اور اب بھی بعض حقائق کے برعکس مؤقف برقرار رکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے ان الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ تمام کھلاڑیوں کو اس وقت اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ آٹھ برس کے دوران بھی نئے شواہد سامنے لانے کی گنجائش موجود رہی ہے، تاہم انہوں نے تینوں بولرز کے انٹرویوز سے متعلق براہِ راست وضاحت نہیں کی۔
یہ تنازع اس وقت مزید بڑھ گیا جب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات مسترد کرتے ہوئے سینڈ پیپر کے استعمال سے لاعلمی ظاہر کی۔ ڈیوڈ وارنر نے کمنز کے بیان پر ناراضی کا اظہار کیا اور عثمان خواجہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی کتاب میں بیان کیے گئے حقائق کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ادھر کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے تحقیقات دوبارہ کھولنے کی ضرورت کو مسترد کر دیا ہے۔ اس معاملے پر سابق آسٹریلوی کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات بھی نمایاں ہو گئے ہیں، جبکہ 2018 کے سینڈ پیپر اسکینڈل کی تحقیقات اور اس وقت اختیار کیے گئے طریقہ کار پر ایک بار پھر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ایشیا کپ فائنل: انڈیا انڈر 19 نے پاکستان کو آخری گیند پر شکست دے دی
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان انڈر 19 کی تعریفوں کا سلسلہ شروع ہو چکا تھا، انڈیا کی ٹیم کی…
