دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں سینئر صحافی حامد میر بھی شامل

رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جاری کردہ فہرست میں حامد میر کی صحافتی خدمات کا اعتراف، عمران خان، ملالہ یوسفزئی، مفتی تقی عثمانی اور عابدہ پروین سمیت کئی پاکستانی شخصیات بھی فہرست کا حصہ ہیں۔

اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے جاری کردہ دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں پاکستان کے سینئر صحافی، کالم نگار اور ٹی وی میزبان حامد میر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

روزنامہ جنگ اور جیو نیوز سے وابستہ حامد میر کا شمار پاکستان کے معروف صحافیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 1987 میں روزنامہ جنگ سے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز کیا، جبکہ 2002 میں جیو نیوز سے وابستہ ہوئے۔ وہ بے خوف رپورٹنگ، آزادیٔ صحافت اور انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔

حامد میر ان چند صحافیوں میں شامل ہیں جنہوں نے 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کا انٹرویو کیا تھا۔ صحافتی سفر کے دوران انہیں متعدد خطرات اور مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، تاہم وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر صحافت میں ایک نمایاں آواز کے طور پر موجود ہیں۔

ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ہلالِ امتیاز سمیت متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ انہیں سارک لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔

فہرست میں پاکستان کی دیگر اہم شخصیات کے نام بھی شامل ہیں، جن میں وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، سابق وزیر اعظم عمران خان، مفتی تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل، ڈاکٹر ادیب رضوی، ملالہ یوسفزئی، گلوکارہ عابدہ پروین اور جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان شامل ہیں۔

عالمی سطح پر سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان سمیت دیگر مسلم رہنماؤں اور نمایاں شخصیات کو بھی اس فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also

’موت کے خطرے‘ کے باوجود بنگلہ دیش واپسی جاؤں گی، شیخ حسینہ

میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ حسینہ اگست 2024 سے بھارت میں روپوش ہیں۔ وہ بنگلہ دیش میں طلبہ کی…