ہالی ووڈ(میڈیا رپورٹس) کی مشہور فلم ’راکی‘ کو ریلیز ہوئے 50 سال مکمل ہو گئے ہیں اور اس کا جادو آج بھی برقرار ہے۔ اس فلم کی کہانی یقیناً بے حد دلچسپ اور سبق آموز ہے مگر اسے بنانے کے پیچھے اس فلم کے مرکزی کردار سلویسٹر اسٹالون کی جدوجہد بھی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔
امریکی فلم ’راکی‘ ایک عام باکسر ’راکی بالبوا‘ کی کہانی ہے جسے دنیا کے ہیوی ویٹ چیمپئن ’اپولو کریڈ‘ کے خلاف رنگ میں اترنے کا موقع ملتا ہے۔ فلم میں سلویسٹر اسٹالون نے ’راکی‘ کا مرکزی کردار ادا کیا جبکہ اس فلم کی کہانی بھی انہوں نے خود لکھی تھی۔
جان جی ایولڈسن کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم نے 1977 میں بہترین فلم اور بہترین ہدایت کاری کے آسکر ایوارڈز اپنے نام کیے۔ اس فلم کی 5 مزید سیکوئل فلمیں اور ’کریڈ‘ سیریز کی 3 فلمیں بھی بن چکی ہیں۔ یہ فرنچائز اب تک دنیا بھر میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا بزنس کر چکی ہے۔
راکی کی کہانی لکھنے کا خیال سلویسٹر اسٹالون کو باکسنگ کے ایک حقیقی مقابلے سے آیا تھا۔ یہ مقابلہ 1975 میں ہیوی ویٹ چیمپئن محمد علی اور امریکی باکسر چک ویپنر کے درمیان ہوا تھا۔ ویپنر اگرچہ مقابلہ ہار گئے لیکن انہوں نے محمد علی کو سخت مقابلہ دیا اور ایک موقع پر انہیں رنگ میں گرانے میں بھی کامیاب ہوئے۔
اسٹالون اس مقابلے سے اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے ایک ایسے عام باکسر کی کہانی لکھنے کا فیصلہ کیا جو دنیا کے بڑے چیمپئن کے سامنے ہمت نہیں ہارتا۔ ان کے مطابق اس مقابلے میں ایک ایسا شخص چند لمحوں کے لیے غیر معمولی بن گیا جسے لوگ زیادہ اہمیت نہیں دیتے تھے۔ اسٹالون نے اس واقعے کو زندگی کی جدوجہد سے تشبیہ دی۔
ہالی ووڈ میں مشہور ہے کہ اسٹالون نے یہ مقابلہ دیکھنے کے بعد صرف 3 دن میں فلم کا ابتدائی اسکرپٹ لکھ لیا تھا۔ تاہم بعد میں انہوں نے اعتراف کیا کہ اس اسکرپٹ کا تقریباً 90 فیصد حصہ اچھا نہیں تھا اور اسے بہتر بنانے کے لیے انہوں نے تقریباً 25 مرتبہ دوبارہ اسکرپٹ لکھا۔
راکی کی ریلیز کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر بنائی گئی نئی فلم ’آئی پلے راکی‘ میں اصل فلم کی تیاری اور سلویسٹر اسٹالون کی جدوجہد کو دکھایا گیا ہے۔
فلم میں انتھونی ایپولیٹو نوجوان سلویسٹر اسٹالون کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ اس فلم کے ہدایت کار پیٹر فیریلی ہیں۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک غیر معروف اور مالی مشکلات کا شکار اداکار نے راکی کی کہانی لکھی اور مرکزی کردار خود ادا کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کیا۔
نئی فلم میں راکی کے کئی یادگار مناظر بھی دوبارہ فلمائے گئے ہیں جبکہ اسٹالون کے وفادار کتے بٹ کَس کو بھی کہانی میں شامل کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also

اپوزیشن کی جماعتی کانفرنس میں شرکت سے پی ٹی آئی کی معذرت، ایجنڈے پر تحفظات سامنے آگئے

اپوزیشن کی جماعتی کانفرنس میں شرکت سے پی ٹی آئی کی معذرت، ایجنڈے پر تحفظات سامنے آگئے پی ٹ…