گورنر خیبرپختونخواہ(میڈیا رپورٹس) فیصل کریم کنڈی نے پشاور کے ’عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم‘ کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اس ضمن میں محکمۂ کھیل کو ضروری کارروائی کی ہدایت بھی کر دی ہے
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سابق صوبائی حکومت نے پشاور کے کرکٹ گراونڈ کا نام ’ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم‘ سے تبدیل کر کے عمران خان کے نام پر رکھ دیا تھا، لیکن حکومت نے سابقہ نام دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی صوبائی حکومت نے 2025 میں ’ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم‘ کا نام سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے نام پر رکھا تھا۔ تاہم اس فیصلے پر ارباب نیاز محمد کے اہل خانہ اور بعض سیاسی شخصیات کی جانب سے اعتراضات سامنے آئے تھے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ارباب نیاز صوبے کی ایک نمایاں شخصیت تھے جنہوں نے کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم خدمات انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کا نام کسی ایسی شخصیت کے نام پر نہیں رکھا جائے گا جس کا تعلق ان کی اپنی سیاسی جماعت سے ہو۔
گورنر خیبرپختونخوا نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر بھی اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج ہم ارباب نیاز اسٹیڈیم کے تاریخی نام کو بحال کر رہے ہیں اور اسے عمران خان اسٹیڈیم کا نام دینے کے پی ٹی آئی کے فیصلے کو واپس لے رہے ہیں۔
ان کے بقول، خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے بے پناہ ٹیلنٹ کے باوجود، پی ٹی آئی صوبے میں ایک بھی نیا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر نہ کر سکی اور پہلے سے موجود واحد اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے میں پھرتی دکھا گئی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور کرکٹ اسٹیڈیم کا نام پشاور کی تاریخ کو محفوظ رکھنے، اس کے ورثے کا احترام کرنے اور ان لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا معاملہ ہے جنہوں نے اپنے کام اور کامیابیوں کے ذریعے صوبے کے کھیلوں کے ورثے میں حقیقی کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ پشاور کا یہ کرکٹ اسٹیڈیم 1984 میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس میں 30 ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی صورتِ حال کے باعث گزشتہ 19 برس سے یہاں کوئی بین الاقوامی کرکٹ میچ نہیں کھیلا گیا اور یہاں آخری بین الاقوامی مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2006 میں ہوا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also

’درِ نجات‘ کے امان گجر سے مداح خوفزدہ، شہریار منور کا دلچسپ ردعمل وائرل

’درِ نجات‘ کے امان گجر سے مداح خوفزدہ، شہریار منور کا دلچسپ ردعمل وائرل ڈرامے میں منفی کرد…