مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیر اعظم پاکستان نے خصوصی سکیم کا اعلان کیا ہے۔

اس کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔ وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وہ طریقہ کار جاری کیا ہے جس کے تحت یہ ریلیف حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس کے مطابق رعایت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کو اپنی رجسٹریشن کرانا ہو گی۔ رجسٹریشن کے لیے موبائل فون پر ایک میسج لکھنا ہو گا۔ رعایت حاصل کرنے کے امیدوار پہلے آر ای جی، پھر اپنا شناختی کارڈ نمبر، سواری کا رجسٹرڈ نمبر، صوبے کے نام کا پہلا حرف اور رجسٹریشن کی تاریخ لکھ کر 9771 پر بھیجیں گے۔ رجسٹریشن مکمل ہونے پر انھیں ایک تصدیقی پیغام موصول ہو گا۔

پھر پیٹرول پمپ جانے سے پہلے اپنے موبائل فون پر ٹی او کے لکھ کر 9771 پر پیغام بھیجنا ہو گا۔ اس کے بعد رعایتی پیٹرول حاصل کرنے کا پیغام ملے گا، جس میں ٹوکن نمبر، رجسٹریشن نمبر، پیٹرول کی مقدار اور استعمال کرنے کی مدت درج ہو گی۔ وزارت کی جانب سے جاری پیغام کے مطابق، رعایت حاصل کرنے کے امیدوار وہ پیغام پیٹرول پمپ پر دکھا کر رعایتی قیمت پر پیٹرول حاصل کر سکیں گے۔

حکومت پاکستان کے مطابق یہ سہولت 14 اور 15 کی درمیانی رات اسلام آباد، جبکہ 16 ستمبر رات 12 بجے سے پاکستان کے دیگر صوبوں اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دستیاب ہو گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also

یونان کے سمندر میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 25 افراد لاپتہ

میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی ڈوبنے کا واقعہ یونانی جزیرے گاؤدوس کے قریب پیش آیا، جہاں کشتی…