lion-attack-breeding-farm-lahore-tiktoker-arrested

لاہور: کاہنہ میں نجی بریڈنگ فارم پر شیرنی کے حملے میں زخمی ہونے والا 19 سالہ ملازم دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے فارم ہاؤس کے مالک سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ شیرنی کو وائلڈ لائف حکام نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جب ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس آنے والے نعمان کی موجودگی میں شیرنی بے قابو ہوگئی اور اس نے فارم کے ملازم طلحہ پر حملہ کردیا۔ حملے میں نوجوان شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد مبینہ طور پر اصل حقائق چھپانے اور شیرنی کے حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم مشکوک صورتحال سامنے آنے پر تحقیقات کی  گئیں تو معلوم ہوا کہ نوجوان شیرنی کے حملے میں زخمی ہوا تھا۔

ترجمان کے مطابق کاہنہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فارم ہاؤس کے مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ حملہ آور شیرنی کو فارم ہاؤس سے نکال کر محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کردیا گیا۔ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب وائلڈ لائف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ حکام کے مطابق فارم میں شیرنی رکھنے کے اجازت نامے، حفاظتی انتظامات اور ممکنہ غفلت سمیت تمام متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا شوق کسی انسانی جان سے زیادہ اہم نہیں ہوسکتا۔ واقعے کے حقائق چھپانے کی مبینہ کوشش اور حفاظتی انتظامات میں

غفلت کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی، جبکہ تفریح کے نام پر انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also

عمران خان سے متعلق محسن نقوی کا تازہ ترین بیان سامنے آ گیا

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہلخانہ سے متعلق سوال پر محسن نق…