
مرکزی مسلم لیگ کا عظمیٰ بخاری کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس
پارٹی کو دہشت گرد اور کالعدم قرار دینے کے بیانات پر 7 روز میں معافی مانگنے کا مطالبہ، متنازع مواد حذف نہ کرنے پر عدالتی کارروائی اور این سی سی آئی اے سے رجوع کرنے کا عندیہ۔
لاہور: پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو مبینہ ہتک آمیز اور بدنیتی پر مبنی بیانات دینے پر 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔
پارٹی کی جانب سے جاری کردہ قانونی نوٹس میں عظمیٰ بخاری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مرکزی مسلم لیگ کو دہشت گرد، غیر قانونی اور کالعدم جماعت قرار دینے سے متعلق بیانات واپس لیں، سوشل میڈیا سے متنازع مواد حذف کریں اور سات روز کے اندر غیر مشروط معافی مانگیں۔ نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں عدالت سے رجوع کیا جائے گا، جبکہ پیکا ایکٹ کے تحت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
قانونی نوٹس مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی جانب سے ان کے وکلا صاحِبزادہ محمد عامر حبیب، رانا محمد عبدالحفیظ اور شیخ ایم نعیم مظہر ایڈووکیٹس ہائی کورٹ کے ذریعے بھجوایا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق پاکستان مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اور 2022ء سے ملک میں سیاسی و فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ اسے ملک کے جمہوری اور انتخابی عمل میں حصہ لینے کا قانونی حق حاصل ہے۔
قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عظمیٰ بخاری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس اور الیکٹرانک میڈیا پر ایسے بیانات دیے جن میں مرکزی مسلم لیگ کو مبینہ طور پر ’دہشت گرد جماعت‘، ’غیر قانونی جماعت‘ اور ’کالعدم جماعت‘ قرار دیا گیا۔ پارٹی کے مطابق یہ بیانات جھوٹے، بے بنیاد اور ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں، جبکہ نیوز چینلز پر ان کی بار بار نشریات سے بھی جماعت کی ساکھ متاثر ہوئی۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ نے 2024ء کے عام انتخابات میں اپنے انتخابی نشان ’کرسی‘ کے تحت حصہ لیا تھا۔ پارٹی کے دعوے کے مطابق 8 نومبر 2026ء کو حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں بھی اس نے دوسری بڑی جماعت کی حیثیت حاصل کی۔
مرکزی مسلم لیگ نے عظمیٰ بخاری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ایسے بیانات دینے، شائع کرنے یا پھیلانے سے باز رہیں، اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر ذرائع سے تمام متنازع پوسٹس، ویڈیوز اور تبصرے حذف کریں اور الزامات عوامی سطح پر واپس لیتے ہوئے پارٹی، اس کی قیادت، کارکنوں اور حامیوں سے تحریری و عوامی معذرت کریں۔
قانونی نوٹس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ عظمیٰ بخاری مستقبل میں ایسے بیانات نہ دینے کی تحریری یقین دہانی کروائیں اور اس معاملے سے متعلق تمام ریکارڈ، پیغامات، ویڈیوز اور دیگر مواصلاتی مواد محفوظ رکھیں۔
پارٹی کے مطابق ان بیانات سے مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی عزت، وقار اور ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، جس کے ازالے کے لیے 5 ارب روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
نوٹس میں عظمیٰ بخاری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نوٹس موصول ہونے کے سات روز کے اندر تمام مطالبات پر عمل درآمد کریں، بصورت دیگر مجاز عدالتوں میں قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔ تاہم یہ تمام مطالبات مرکزی مسلم لیگ کے قانونی نوٹس میں پیش کیے گئے ہیں؛ ان الزامات اور دعوؤں پر عظمیٰ بخاری کا مؤقف سامنے آنا باقی ہے
شازیہ منظور کے گھر پر مسلح افراد کے حملے اور قبضے کی کوشش کا الزام
شازیہ منظور کے گھر پر مسلح افراد کے حملے اور قبضے کی کوشش کا الزام معروف گلوکارہ نے نعمان …


