
اسلام آباد کے علاقے شاہین چوک/نائنتھ ایونیو کے قریب ایک خاتون کو مبینہ طور پر زبردستی لے جانے کی کوشش ناکام بنانے کے دوران پاک فضائیہ کے افسر، گروپ کیپٹن عاصم طارق، فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ خاتون اپنے دفتر کے ایک ساتھی کے ساتھ موٹرسائیکل پر جا رہی تھی۔ خاتون کے بیان کے مطابق، ملزم نے راستہ تبدیل کر کے اسے کسی اور مقام پر لے جانے کی کوشش کی، جس پر دونوں کے درمیان مزاحمت شروع ہوگئی۔
اسی دوران وہاں سے گزرنے والے پاک فضائیہ کے افسر گروپ کیپٹن عاصم طارق نے صورتحال کو مشتبہ سمجھتے ہوئے مداخلت کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ افسر نے خاتون کو محفوظ بنانے کی کوشش کی، تاہم ملزم نے ان کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گروپ کیپٹن عاصم طارق شدید زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکے، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق، خاتون محفوظ ہے اور اس کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے۔ خاتون نے بتایا کہ بروقت مداخلت کے باعث وہ مبینہ طور پر اغوا ہونے سے بچ گئی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے اور اسے جلد گرفتار کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق، گروپ کیپٹن عاصم طارق اپنے پیچھے بیوہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹا سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شہریوں کی بڑی تعداد نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ متعدد صارفین نے انہیں ایک ایسے فرض شناس افسر کے طور پر یاد کیا ہے جنہوں نے ایک شہری کی جان و سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید شواہد سامنے آنے پر کیس سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری
کراچی: (دنیا نیوز) نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی سدرن کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 2.59 ڈال…





