مبشر لقمان کی درخواست پر محمود احمد بھٹی کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور: سیشن کورٹ لاہور نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن مبشر لقمان کی جانب سے دائر درخواست پر فیشن ڈیزائنر محمود احمد بھٹی کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 26 نومبر 2026 کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

عدالتی حکم کے مطابق ملزم محمود احمد بھٹی کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض قابلِ ضمانت وارنٹ کے ذریعے طلب کیا گیا ہے۔ یہ حکم 12 نومبر 2026 کو سیشن جج لاہور نثار احمد نے جاری کیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار مبشر لقمان کی جانب سے ایڈووکیٹ ناصر عباس ظفر عدالت میں پیش ہوئے۔

مبشر لقمان نے محمود احمد بھٹی اور ان کے مبینہ ساتھیوں، جن میں بعض یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا پر مواد شیئر کرنے والے افراد بھی شامل ہیں، کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ اس شکایت میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور کے ایس ایچ او اور ریاست کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست 30 جولائی 2026 کو دائر کی گئی تھی، جس پر کارروائی آگے بڑھاتے ہوئے عدالت نے نامزد ملزم کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔

درخواست کے پس منظر میں مبشر لقمان اور محمود احمد بھٹی کے درمیان الزامات اور جوابی مؤقف کا معاملہ شامل ہے۔ مبشر لقمان نے مختلف پروگراموں میں محمود بھٹی سے متعلق فرانس میں ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں سزا کی خبر نشر کی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا۔

فرانسیسی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیرس کورٹ آف اپیل نے محمود احمد بھٹی کو ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کے مقدمے میں دو سال قید کی معطل سزا سنائی تھی۔ رپورٹ میں ان پر ایک لاکھ 50 ہزار یورو جرمانے اور آئندہ 10 برس تک کسی بھی کمپنی میں انتظامی عہدہ رکھنے پر پابندی عائد کیے جانے کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔

مبشر لقمان کے مطابق مذکورہ خبر سامنے آنے کے بعد محمود احمد بھٹی نے مختلف پروگراموں میں ان کے خلاف الزامات عائد کیے، جنہیں انہوں نے بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا۔

عدالت کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ قابلِ ضمانت ہیں، جبکہ مقدمے میں آئندہ پیش رفت 26 نومبر کو ملزم کی عدالت میں حاضری اور کارروائی کے بعد سامنے آئے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also

اسلام آبادکو مکمل کیش لیس شہر بنانے کی تیاری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیرِصدارت کیش لیس اسلام آباد کے حوالے سے اجلاس ہوا…